اک بات کہوں! مجھے محبت سے ڈر نہیں لگتا ،
بلکہ مجھے اک نا محرم کی محبت سے کراہیت محسوس ہوتی ہے،
اِس لیے نہیں کہ لوگ کیا کہیں گے ،
بلکہ اس لئے کہ،
میں اپنے ماں باپ کا مان ہوں،
کیسے! میں اپنے ماں باپ کا مان چَکنا چُور کر دوں؟
میں اُن کی آنکھوں کی روشنی ہوں،
کیسے! میں اُن آنکھوں کو ویران کر دوں؟
میں تو اُن کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہوں،
کیسے! میں اُن آنکھوں میں گرم سیال بھر دوں؟
میں اُن كے لبوں کی میٹھی سی مسکراہٹ ہوں،
کیسے! میں اُن لبوں پر کبھی نہ ٹوٹنے والا قُفل لگادوں؟
میں اُن کی کبھی نا ٹوٹنے والی اُمید ہوں،
کیسے میں ان امیدوں کو ریزہ ریزہ کر دوں ؟
میں اُن كے اعتماد کا پیکر ہوں،
کیسے اس اعتماد كے پیکر کو ڈھیر کر دوں ؟
میں اُن کی چلتی سانسوں کی روانی ہوں،
کیسے میں ان کی سانسوں کو ساکِن کر دوں ؟
میں تو اپنے بھائیوں کی شرارتوں کی ساتھی ہوں،
کیسے ان سے ان کی ساتھی چھین لوں ؟
میں اُن کی راز دار ہوں،
کیسے ان سے ان کا راز دار چھین لوں ؟
اُن كے بے ہنگم قہقہوں کی محافظ ہوں،
کیسے ان كے قہقہوں کو جامد کر دوں ؟
میں اپنی بہنوں کی وہ روشن راہ ہوں،
جس پر چلنا وہ باعثِ فخر سمجھتی ہیں،
کیسے میں اس روشن راہ کو ان كے لیے پُر خار بنادوں ؟
میں وہ ہوں جسے وہ مشکل میں اپنی ڈھال سمجھتی ہیں،
کیسے ان سے اُن کی ڈھال چھین لوں،کیسے انہیں کمزور کرد وں؟
میں وہ ہوں کہ جس سے وہ زندگی جینے کے اطوار سیکھتی ہیں،
کیسے اُن اطوار کا انجام ایک گہری کھائی سا بنا دوں؟
میں اپنے گھر کی خوشیوں کی کُنجی ہوں،
کیسے ان کی خوشیوں کی کنجی کو دور گہری کھائی میں پھینک دوں ؟
کیسے میں اک نا محرم اجنبی ، جس سے میرا کوئی رشتہ نہیں،
اُس کی محبت کو مان لوں؟
اِن پاک جائز محبتوں کا گلا گھونٹ دوں؟
نہیں میں محبت سے ڈرتی نہیں ہوں!
میں بس خود غرض نہیں ہوں!
مجھے اپنی یہ محبتیں بہت عزیز ہیں!
میں محبت سے نہیں ڈرتی،
پر ہاں! اپنے ماں باپ کی ویران آنکھوں سے ڈر لگتا ہے!
مجھے یاد ہے اُن کا مجھے دیر تک منانا، بس اُن کے روٹھ جانے سے ڈر لگتا ہے!
لاڈلی ہوں میں اُن کی، لاڈلی تھی؛ ہو جاننے سے ڈر لگتا ہے!
محبت سے ڈرتی ہوتی ؟
تو کیا اتنی محبتوں سے لبریز ہوتی؟
میں اِس محبت کو محبت مانتی ہی نہیں ہوں،
کیوں كے محبت ، محبتیں بکھیرتی ہے،
نا کہ محبتوں کی قاتل ہوتی ہے،
جو کسی محبت کی قاتل ہو وہ محبت ہے ہی نہیں،
تو بھلا کیوں نا کراہیت محسوس ہو نا محرم کی محبت سے ؟
عجیب لگی میری بات ؟
پر غور کرو گے تو محرم محبتوں کی قدر کروگے۔