پیار محبت اور احساس سے گندھی لڑکی جب اپنوں کی بے رخی دیکھتی ہے تو تڑپ جاتی ہے۔
خوابوں کی دنیا میں رہنے والی لڑکی جب حقیقت کی تلخیوں سے آشنا ہوتی ہے تو سہم جاتی ہے۔
بارش کی بوندوں تلے جھومنے اور گنگنانے والی لڑکی جب سورج کی تپتی شعاعوں تلے کھڑی کر دی جاتی ہے تو وہ جھلس جاتی ہے۔
اپنے آپ میں مگن رہنے والی لڑکی جب دنیا کے جھمیلوں میں دھکیل دی جاتی ہے تو وہ ڈر جاتی ہے۔
ہوائوں میں اڑنے کے خواب دیکھنے والی لڑکی جب آسمان سے زمین پر پٹخ دی جاتی ہے تو وہ ٹوٹ جاتی ہے۔
گڑیا سے کھیلنے والی لڑکی جب کٹھن حالات سے لڑتی ہے تو پتھر بن جاتی ہے۔
اپنی من پسند چیز کے کھو جانے پر رو دینے والی لڑکی جب اپنی آنکھوں کے خواب اپنے ھاتھوں سے کھرچ دیتی ہے تو اپنے آنسوں سینے میں اتار کر بے حس ہو جاتی ہے۔
بات بات پہ کھلکھلانے والی لڑکی جب دنیا کی تلخیوں کو دیکھتی ہے تو ہنسنا بھول جاتی ہے۔
اپنوں پے مان جتانے والی لڑکی جب اپنا مان ٹوٹتا دیکھتی ہے تو خود بھی ٹوٹے ہوئے کانچ کے ٹکڑوں کی طرح بکھر جاتی ہے۔
زندگی سے بھر پور لڑکی جب زندگی کو سمجھنے لگتی ہے تو اس کےاندر تلخی گھلنے لگتی ہے۔
لیکن پھر بھی اختتام پر وہ مسکرا دیتی ہے وہی مسکراہٹ دھیرے سے ہنسی میں بدلتی ہے جو قہقہوں کا روپ دھار لیتی ہے لیکن آنکھوں میں چھپی وحشت اور ویرانی صاف نظر آتی جسے وہ آنسوؤں کی صورت نکالنے کی کوشش کرتی ہے جو بظاہر تو یوں محسوس کراتی ہے جیسے ہنسی سے نکلتا آنکھوں کا پانی ہے لیکن اس میں چھپے قرب اور اذیت کا کیا۔۔۔۔۔یہ سب دیکھنے سمجھنے اور سہنے کے بعد وہ ہنستی مسکراتی شوخ اور چنچل زندگی سے بھرپور لڑکی چٹان جیسی سخت ہو جاتی ہے جو اپنے اندر ڈھیروں درد چھپائے ہوتی ہے جسے تسخیر کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔کیونکہ وہ پیار و محبت اور احساس سے گندھی لڑکی ہے جو اپنوں کو درد سے دور رکھنا جانتی ہے۔
مُبرا احمد